لکھنؤ،13اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بھارتی جنتاپارٹی(بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے آج کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے 70سال میں سے 60سال ملک پر حکومت کرنے والی ’’ایک خاندان کی حکومت‘‘ہندوستان کی آزادی کے کیلئے جان نچھاور کرنے والے کروڑوں مجاہدین آزادی کی توقعات والا ملک بنانے میں ناکام رہی۔شاہ نے لکھنؤ کے کاکوری علاقے میں ترنگا یاتار کی شروعات کے موقع پر کہا کہ جن لوگوں نے آزادی کے لیے قربانی دی، ان کی سوچ تھی کہ یہ ملک غلامی کی زنجیروں سے آزادہو کر دنیا میں ایک مقام حاصل کرے اور ملک کے غریب سے غریب شخص کے گھر میں روٹی، بجلی اور پانی پہنچے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی آزادی کے 70سال ہونے کو ہیں اور ان میں سے 60سال تک کانگریس کی حکومت رہی، ایک خاندان کی حکومت رہی،آج میں اتر پردیش میں کھڑا ہوں،ملک کے ہر گھر میں بجلی نہیں پہنچی، ہر نوجوان کو روزگار نہیں ملا، مریضوں تک دوائی نہیں پہنچی، کسانوں تک پانی نہیں پہنچا ،کیا اسی دن کیلئے آزاد، بسمل، لاہڑی اور دیگر شہداء نے قربانی دی تھی۔شاہ نے کہاکہ اتر پردیش کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی نہیں ہو گی۔بتائے، کیا ایس پی اور بی ایس پی کی حکومتوں کے رہتے ریاست کی ترقی ہو سکتی ہے، کیا بلند شہر اور جواہرباغ جیسے واقعات رک سکتے ہیں، کیا صنعتیں لگ سکتی ہیں، کیا ہر کھیت میں پانی پہنچ سکتاہے، کیا کسانوں کو آفت پر مدد مل سکتی ہے، کیا قانون وانتظام ٹھیک ہو سکتا ہے،اب آپ ہی فیصلہ کر لیجیے، یہ بہت اہم موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی مکمل اکثریت کی حکومت بننے کا مکمل کریڈٹ اترپردیش کو جاتا ہے لیکن ابھی کام نامکمل ہے۔ریاست میں بھی بی جے پی کی حکومت بنانی ہوگی۔ایس پی اور بی ایس پی تو اپنی اپنی پسند کی مخصوص ذات کی ترقی کرتی ہیں۔اترپردیش کی ترقی بی جے پی ہی کر سکتی ہے کیونکہ اس کے لیڈر کا نعرہ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ہے۔